کراچی:
پاکستانی نثراد برطانوی سابق عالمی باکسنگ چیمپین عامر خان عالمی فٹبال کپ میں فرانس اور اسپین کے درمیان سیمی فائنل میچ دیکھنے لیاری انٹرنیشنل فٹبال اسٹیڈیم پہنچ گئے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔
ان کی آمد پر اسٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا، عامر خان نے ہاتھ ہلا کر خیرمقدمی نعروں کا جواب دیا، انہوں نے کہا کہ فٹبال اور باکسنگ پسند کرنے والوں کا گڑھ ہے۔
لیاری فٹبال اسٹیڈیم میں اسپین اور فرانس کا میچ دیکھنے کے لیے بڑی اسکرین لگائی گئی تھی، منی برازیل کہلانے والے لیاری کے شوقین بڑی تعداد میں اسٹیڈیم پہنچے اور میچ کو خوب انجوائے کیا۔
اس دوران سابق باکسنگ چیمپئن عامر خان بھی وہاں پہنچ گئے، انہیں دیکھ کر شائقین خوشی سے نہال ہوگئے، خوب نعرے لگائے۔
ایکسپریس نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے عامر خان بولے لیاری میں صلاحیت کی کمی نہیں، یہاں کے لوگوں کو کھیلوں سے لگاؤ ہے، لیاری منی برازیل کہلاتا ہے اور باکسنگ یہاں کا دوسرا پسندیدہ کھیل ہے، لیاری میں نامور باکسر پیدا ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی طرح کراچی میں بھی باکسنگ اکیڈمی قائم کرنے کی خواہش ہے۔ عامر خان نے کہا کہ باکسنگ کا ٹیلنٹ لانے میں حکومت میری مدد کرے بلاول بھٹو زرداری مجھ سے تعاون کررہے ہیں اور رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے بھی ہر ممکن مدد کی یقین دہائی کرائی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فٹبال میں میری پسندیدہ ٹیم برطانیہ کی ہے۔ اس موقع پر آتشبازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔