[ad_1]
سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقوں میران شاہ اور اسپن وام میں کارروائی کرتے ہوئے 7 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں لانس نائیک محمد امین شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر 2 الگ الگ آپریشن کیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر پہلا آپریشن میران شاہ جبکہ دوسرا اسپن وام میں کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پہلے آپریشن میں 4 خارجی دہشت گرد جبکہ دوسرے آپریشن میں 3 خوارج مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دونوں آپریشن میں 7 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جبکہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں بہادری سے لڑتے ہوئے لانس نائیک محمد امین بھی شہد ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ علاقے میں مزید خارجی دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 15 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی ژوب کے علاقے سمبازہ میں کی، آپریشن کے دوران 15خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی عارف الرحمٰن بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔
اس سے ایک روز قبل (9 دسمبر) خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 2 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا تھا۔
[ad_2]