15

پنجاب میں پولیو وائرس سرکولیشن بڑھنا تشویش ناک ہے، وزیراعلیٰ

پولیو وائرس کے ماحولیاتی نمونے ختم کرنے کےلیے قابل عمل اور پائیدار پلان طلب کر لیا گیا—فوٹو: فائل

پولیو وائرس کے ماحولیاتی نمونے ختم کرنے کےلیے قابل عمل اور پائیدار پلان طلب کر لیا گیا—فوٹو: فائل

 لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں پولیس وائرس کے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کے خاتمے کے لیے متعلقہ حکام سے قابل عمل اور پائیدار پلان طلب کیا اور مؤثر مہم چلانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت پولیو کے خاتمے سے متعلق اجلاس ہوا جہاں پنجاب کو مکمل طورپر پولیو فری بنانے کے لیے تجاویز اور سفارشات کاجائزہ لیا گیا اور مریم نواز نے پولیو وائرس کے ماحولیاتی نمونے ختم کرنے کےلیے قابل عمل اور پائیدار پلان طلب کر لیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پنجاب کے تمام انٹری پوائنٹس پر مؤثر ویکسینیشن مہم چلائی جائے اور پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کا ہدف حاصل کرنے کےلیے جامع اور مؤثر ویکسینیشن مہم ترتیب دی جائے۔

اجلاس میں صوبے بھر میں موبائل اور مائیگرنٹ پاپولیشن  کی ٹریکنگ اور رجسٹریشن کا فیصلہ کیا گیا اور پولیو کے خاتمے کی ویکسینیشن مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مائیکرو پلان کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے ویکسینیشن مہم کے دوران مسنگ چلڈرن کا مستند ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کی، اس دوران پنجاب کو مکمل طورپر پولیو فری بنانے کے لیے دی گئیں تجاویز اور سفارشات کاجائزہ بھی لیا گیا اور انہوں نے کہا کہ صوبےکو مکمل طور پر پولیو فری بنانا ہمارا عزم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ویکسینیشن مہم کی ذاتی طور پر مانیٹرنگ کر رہی ہوں، عوام کے بھرپور تعاون کے ذریعے ہی پولیو وائرس ختم کیا جاسکتا ہے اور ویکسینیشن مہم کے دوران ایس او پیز کے مطابق کولڈ چین بھی یقینی بنائی جائے۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں وائرس سرکولیشن بڑھنا تشویش ناک امر ہے، پولیو ویکسینیشن کے حوالے سے کمزور اضلاع پر بھرپور توجہ دی جائے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیرصدارت اجلاس میں سینئیرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، پارلیمانی سیکریٹری عظمیٰ کاردار، ثانیہ عاشق، ڈاکٹر عدنان خان، چیف سیکریٹری، صوبائی سیکریٹریز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔



اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں