14

وفاق کے علاوہ صوبوں میں بھی آئینی بینچز بنائے جائیں گے: وزیر قانون

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بتایا ہے کہ وفاق کے ساتھ ساتھ صوبوں میں بھی آئینی بینچز بنائے جائیں گے،ترمیم میں صوبوں میں آئینی بینچز کا مکینزم شامل کیا گیا ہے، جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے اس میں شقیں شامل ہیں، غیر مسلم ممبر کو بھی جوڈیشل کمیشن کا حصہ بنایاجائے گا۔

وفاقی وزیر قانون نے آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام پارلیمانی لیڈروں نے مختلف اوقات میں ملاقاتیں کیں، خورشید شاہ صاحب نے اسپیکر کی ہدایت پر بنائی گئی خصوصی کمیٹی میں معاملات کو بہت تحمل سے دیکھا اور اس ساری کاوش کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی انتھک محنت اور کاوشیں شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے ناصرف اتحادی جماعتوں سے رابطہ کیا بلکہ دونوں جانب روابط کا سلسلہ جاری رکھا، جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے بھی مسلسل رابطہ رکھا اور آئینی پیکج پر اتحادی جماعتوں کے لارجر مسودے پر بلاول بھٹو نے جے یو آئی کے قائد اور قانونی ٹیم سے مذاکرات کیے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے اس کے بعد نواز شریف سے ملاقات کے لیے جاتی امرا کا دورہ کیا تھا جہاں وزیر اعظم شہباز شریف اور آصف علی زرداری بھی اپنی قانون ٹیموں کے ہمراہ موجود تھے، وہاں مشاورت کے بعد ہم نے پریس ٹاک بھی کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد ہم نے واپس آ کر اپنی اتحادی جماعتوں کو مسودے پر اعتماد میں لیا تھا اور آج کابینہ نے جس مسودے کی منظوری دی ہے یہ وہی متفقہ مسودہ ہے البتہ جمعیت علمائے اسلام پاکستان نے جو پانچ ترامیم کی تجویز پیش کی ہے جو آئین میں اسلامی قوانین کے حوالے سے ہیں، شریعت کورٹ کے وہ ججز جو سپریم کورٹ میں تعینات ہونے کے اہل ہوں اس حوالے سے آئین خاموش تھا، ان کے بارے میں ایک شق ڈالی گئی ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ قانون سازی کے حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل کی جو رپورٹس آتی ہیں، ان کی ٹائم لائن دو سال تھی، اسے ایک سال کیا گیا ہے، سود کے بارے میں شریعت کورٹ کے فیصلے پر پالیسیز میں عمل نہیں ہو رہا تھا، اس پر عملدرآمد کو شامل کیا گیا ہے، شریعت کورٹ کی اپیل سپریم کورٹ میں جاتی ہے اس کے طریقہ کار میں کچھ ابہام تھا، اس کو دور کیا گیا، یہی ترامیم اس ڈرافٹ کا حصہ تھیں جو کمیٹی نے منظور کیا اور اگر وہ ترامیم جے یو آئی(ایف) جمع کرا کے ایوان میں لائے گی ہم اس پر ووٹ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ باقی چیزیں وہی ہیں جس میں سپریم کورٹ کی سطح پر آئینی بینچز ہیں اور صوبوں میں بھی متعلقہ قانون کے ذریعے آئینی بینچز کا میکانزم فراہم کردیا گیا ہے، صوبے میں آئینی بینچز کی کی تشکیل کا اختیار صوبے کی منتخب اسمبلی کو دیا گیا ہے اور یہ پیپلز پارٹی کا مشورہ تھا کہ یہ اختیار صوبے کو دیا جائے کہ وہ آئینی بینچز کا قیام چاہتے ہیں یا نہیں اور اس کے لیے ضروری ہو گا کہ پوری اسمبلی 51فیصد کے ساتھ قرارداد منظور کرے تو وہ نافذالعمل ہو جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آئینی بینچز میں نامزدگیوں کا اختیار چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم جوڈیشل کمیشن کے پاس ہو گا، جوڈیشل کمیشن کی نئی ہئیت کے مطابق اس میں چیف جسٹس پاکستان اور سپریم کورٹ کے چار سینئر ترین جج شامل ہیں، چار پالریمنٹینز جن میں سے دو سینیٹ اور دو قومی اسمبلی سے ہوں گے جہاں دونوں ایوانوں سے ایک، ایک رکن اپوزیشن اور حکومتی بینچز سے ہو گا، وزیر قانون اور اٹارنی جنرل بدستور اس کا حصہ ہوں گے۔

وزیر قانون نے کہا کہ ججز کی پرفارمنس کے جانچ کے حوالے سے ترامیم شامل ہیں کیونکہ عوام کی شکایت آتی رہی ہیں 8، 10 سال ان کے کیسز زیر التوا رہتے ہیں تو ایسے ججز جن کی کارکردگی غیرموثر ہے، ان کے کیسز سپریم جوڈیشل کونسل کو بھیجے جائیں گے اور وہ چھ ماہ کے اندر فیصلہ کریں گے کیونکہ یہ بھی شکوہ رہا ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل میں سالہا سال فیصلے نہیں ہو پاتے۔


install suchtv android app on google app store

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں