6

لارنس گینگسٹرکی دھمکیاں، سلمان خان کہاں جارہے ہیں؟

بالی وڈ دبنگ اسٹار سلمان خان نے بھارت کے بد نام زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کی جانب سے ملنے والی قتل کی دھمکیوں کے باوجود اپنے پروجیکٹس پر کام جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بھارتی سیاستدان بابا صدیقی کا قتل اور لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے دبنگ اسٹار کو دی گئی مسلسل دھمکیوں کے باعث سلمان خان کے مداح ان کی حفاظت کو لے کر خاصے بے چین ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لارنس بشنوئی گینگ کی دھمکیوں کے باوجود سلمان خان اپنے آنے والے پروجیکٹس کی شوٹنگ جاری رکھے ہوئے ہیں اور وہ اب مقبول بین الاقوامی شو ’ دبنگ ری لوڈڈ ایونٹ ‘کے لیے دبئی جائیں گے جس کا انعقاد 7 دسمبر کو متوقع ہے۔

اس شو میں سلمان خان کے علاوہ جیکولین فرنینڈس، سوناکشی سنہا، سنیل گروور، منیش پال اور آستھا گل جیسی مشہور شخصیات بھی شرکت کریں گی۔

سلمان خان کیلئے اضافی سکیورٹی

سلمان خان کو درپیش خطرے کے پیش نظر بھارتی پولیس کی جانب سے اضافی سکیورٹی فراہم کی گئی ہے، اس کے علاوہ بڑی تعداد میں پولیس اہلکار ان کی ممبئی کی رہائش گاہ گلیکسی اپارٹمنٹس کی حفاظت پر مامور ہیں۔

ممبئی پولیس نے سلمان خان کی رہائش گاہ پر چہرے کی شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ جدید اے آئی ٹیکنالوجی سے آراستہ سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے ہیں۔

اس سے قبل بھارتی میڈیا پر ہی بتایا گیا تھا کہ سلمان خان بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس 18 کی شوٹنگ اعلیٰ سطح کی سکیورٹی کے ساتھ کر رہے ہیں جب کہ ان کی فلم ’سکندر ‘ کی شوٹنگ بھی ایک بار پھر شروع کی جاچکی ہے۔

سلمان خان کی پوری ٹیم حفاظتی انتظامات کے حوالے سے خاصی محتاط ہے اور اداکار خود اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ ان کی وجہ سے کسی دوسرے اداکار کو انتظار نہیں کرنا پڑے۔

لارنس بشنوئی گینگ کی سلمان خان کو دھمکیاں

سلمان خان کا جانی دشمن لارنس بشنوئی گینگ انہیں مختلف مواقع پر کئی خطرناک دھمکیاں دے چکا ہے ۔

رواں برس اپریل میں لارنس بشنوئی گینگ سے منسلک 2 ملزمان نے باندرہ کے بینڈ اسٹینڈ پر واقع سلمان خان کے گلیکسی اپارٹمنٹ کی بالکونی میں فائرنگ کی تھی جس کے بعد سے پولیس نے اداکار کی سکیورٹی بڑھادی تاہم اس کے باوجود سلمان کے والد سلیم خان کو بھی حملے کی دھمکی دی گئی تھی۔

2023 میں سلمان خان کے مینیجر کو ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی تھی جس میں بشنوئی گینگ نے کہا تھا کہ اس کی برادری کالے ہرن کو اپنے مذہبی گرو بھگوان جمبیشور (جمبا جی) کا اوتار سمجھتی ہے لہٰذا عدالت سے اس کیس میں سزا یا بریت سلمان خان کیلئے حتمی فیصلہ نہیں ہوگی، اگر سلمان اور ان کے والد سلیم خان جمبا جی مندر میں جاکر سر عام معافی مانگ لیں تو وہ اپنا ارادہ بدل سکتا ہے، ورنہ بشنوئی برادری انہیں قتل کردے گی۔

جولائی 2022 میں بشنوئی نے مبینہ طور پر گینگسٹر سمپت نہرا کو سلمان خان کی رہائش گاہ کے ارد گرد مخبری لینے کے لیے بھیجا لیکن کم ہتھیار کے سبب بشنوئی گروپ کو اپنا یہ منصوبہ روکنا پڑا۔

ان دھمکیوں میں2018 کی عدالت میں پیشی کے دوران دی گئی دھمکی بھی شامل ہے جس میں لارنس بشنوئی گینگ نے سلمان خان کو کہا تھا کہ ’ہم سلمان کو جودھ پور میں قتل کردیں گے اور جب ہم یہ قتل کریں گے تو سب کو پتا چل جائے گا‘۔


install suchtv android app on google app store

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں