6

کراچی: ایف ٹی سی کے قریب وکلا کے احتجاج کے باعث شدید ٹریفک جام


کراچی:

ایف ٹی سی کے قریب وکلا کے احتجاج کے باعث ٹریفک درہم برہم ہوگیا، وزیر داخلہ سندھ کی درخواست پر رات گئے احتجاج ختم کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف ٹی سی فلائی اوور کے قریب احتجاج کی وجہ سے شارع فیصل کے دونوں ٹریک پر ٹریفک معطل ہوگئی، اس موقع پر نامعلوم  افراد نے ٹائروں کو بھی نذر آتش کیا۔

 شارع فیصل کے دونوں ٹریک پر ٹریفک معطل ہونے سے ملحقہ علاقوں میں بدترین ٹریفک جام رہا اور شہریوں کو اعصاب شکن صورتحال سے دوچار ہونا پڑا۔

 ذرائع کے مطابق وکلا کی جانب سے محمود آباد تھانے میں مقدمہ درج نہ کرنے پر پہلے مین کورنگی روڈ پر سہ پہر تین بجے احتجاج شروع کیا گیا جو بعد ازاں ایف ٹی سی کے قریب منتقل ہوگیا۔

 ٹریفک جام کے باعث شارع فیصل ایف ٹی سی، قیوم آباد چورنگی، شہید ملت فلائی اوور، بلوچ کالونی ایکسپریس وے، کاز وے اور ڈیفینس فیز ٹو سمیت ملحقہ علاقوں میں ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی۔

 وکلا برادری کی جانب سے ایک وکیل کو اہلخانہ سمیت تشدد کا نشانہ بنانے پر محمود آباد تھانے سے رجوع کیا گیا تھا تاہم پولیس کی جانب سے مقدمہ درج کرنے سے انکار پر وکلا  کی بڑی تعداد نے مین کورنگی روڈ کالا پل پر احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیدیا، وکلا کی جانب سے ایس ایچ او محمود آباد کو بھی معطل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔



اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں