فرحان سعید اور عروہ حسین نے علیحدگی سے متعلق خاموشی توڑ دی
گلوکار و اداکار فرحان سعید اور اداکارہ عروہ حسین نے اختلافات کے بعد صلح ہونے کے معاملے پر پہلی بار بات کرتے ہوئے اختلافات کے وقت کو زندگی کا مشکل ترین وقت قرار دے دیا۔
دونوں کے درمیان نومبر 2020 میں ابتدائی طور پر اختلافات، بعد ازاں علیحدگی اور پھر طلاق کی خبریں سامنے آئی تھیں اور تب سے لے کر 2023 کے آغاز تک دونوں کو ایک ساتھ نہیں دیکھا گیا تھا۔
علیحدگی اور طلاق کی افواہوں کے درمیان کبھی دونوں نے کھل کر مذکورہ معاملے پر بات نہیں کی تھی، تاہم بعد ازاں ان کے درمیان صلح کی خبریں سامنے آئیں اور 2023 میں انہیں ایک بار پھر ایک ساتھ دیکھا جانے لگا۔
صلح کے بعد جنوری 2024 میں دونوں کے ہاں شادی کے سات سال بعد پہلے بچے کی پیدائش بھی ہوئی۔
اب دونوں نے کئی سال بعد تصدیق کی ہے کہ ان کے درمیان اختلافات ہوگئے تھے۔ دونوں نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں اختلافات اور صلح کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر دونوں نے وضاحت کی۔
فرحان سعید کا کہنا تھا کہ کسی بھی جوڑے کے درمیان اختلافات کے باوجود صلح کے لیے عزت اور اہمیت کا ہونا لازمی ہوتا ہے، یعنی دونوں ایک دوسرے کو عزت اور اہمیت دیں گے تبھی دونوں کے درمیان اختلافات کے باوجود صلح ممکن ہے۔
گلوکار و اداکار کا کہنا تھا کہ ان دونوں نے اختلافات کے باوجود کبھی ایک دوسرے کے خلاف کوئی بات نہیں کی۔
ان کے مطابق ان دونوں نے اختلافات کے باوجود ایک دوسرے کو اہمیت اور عزت دی جب کہ خاندان کی عزت کا بھی خیال رکھا، جس وجہ سے ہی وہ دونوں دوبارہ ایک دوسرے کے قریب آئے۔
عروہ حسین نے کہا کہ ان کے درمیان ناراضگی ضرور تھی لیکن اس باوجود دونوں نے ایک دوسرے کا احترام کیا، جس وجہ سے ہی وہ دوبارہ ایک ہوگئے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ جوڑے ایسی صورتحال کے بعد جب دوبارہ ایک ہوجاتے ہیں تو انہیں اپنی غلطیوں کا احساس بھی ہوجاتا ہے اور وہ پہلے سے زیادہ سمجھدار اور مضبوط بن جاتے ہیں۔
دونوں نے مداحوں اور اہل خانہ کی دعاؤں اور کوششوں کو بھی صلح کے لیے اہم قرار دیا۔
اگرچہ دونوں نے ایک دوسرے سے اختلافات کی تصدیق کی، تاہم اس باوجود انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ان کے درمیان کس معاملے پر اختلافات ہوئے تھے۔
Post Comment