6

کراچی؛ سرکاری کالجوں کا تدریسی و غیرتدریسی عملہ اکیڈمک اوقات میں موجود نہیں ہوتا، ریجنل ڈائریکٹر


کراچی:

کراچی کے سرکاری کالجوں کے عملے (تدریسی و غیرتدریسی) کا اکیڈمک اوقات میں اپنے تعلیمی اداروں سے باہر مصروف رہنے کا انکشاف ہوا ہے یہ آبزرویشن حال ہی میں تعینات کیے گئے ریجنل ڈائریکٹر کالجز کراچی فقیر محمد لاکھو کہ جانب سے تحریری طور پر سامنے آئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دفتری اوقات کار کے دوران بیشتر کالج ملازمین ریجنل اڈائریکٹوریٹ میں موجود رہتے ہیں۔

ریجنل ڈائریکٹر کالجز فقیر محمد لاکھو نے خط میں کہا کہ عملے کی یہ آمدورفت ہمارے تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیوں کو ماند کر رہی ہیں۔

کراچی کے تمام سرکاری کالجوں کے پرنسپلز کو جاری کیے گئے خط میں ریجنل ڈائریکٹر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تدریسی اوقات کے دوران ملازمین کا ریجنل آفس کا دورہ کرنا یا موجود رہنا تدریسی سرگرمیوں یا کلاسز کو متاثر کر رہا ہے جبکہ کالجوں کی تعمیر و مرمت اور طلبہ کی سہولت کے لیے پبلک ڈیلنگ میں رکاوٹ کا سبب بھی ہے۔

خط میں کالج  ملازمین کے ڈائریکٹوریٹ میں دورے کے باقاعدہ اوقات جاری کرتے ہوئے تمام پرنسپلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس ہدایت نامے سے اپنے ماتحت ملازمین کو آگاہ کر دیں اور تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ، اسٹوڈنٹ ڈیلنگ اور باقاعدگی سے کلاسز کا انعقاد یقینی بنانے کے لیے اپنی ڈیوٹی پر موجود رہیں۔

ریجنل ڈائریکٹر کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری اور بے وقت ریجنل ڈائریکٹوریٹ آنے سے گریز کریں تاکہ تعلیمی اداروں میں تعلیمی اور دیگر سرکاری فرائض میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو، اس ضمن میں ملازمین کے لیے  پیر تا جمعرات دوپہر 2 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک اور جمعے کو دوپہر 2 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک دفتری معاملات کے لیے دورہ کرسکتے ہیں۔



کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں