5

وزیراعظم کی پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود ہندو برادری سےتعلق رکھنے والوں کو دیوالی کی مبارک باد دی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ روشنیوں کا تہوار دیوالی، روشنی کی تاریکی اور امید کی مایوسی پر فتح کے جشن کی عکاسی کرتا ہے. دیوالی مناتے وقت آئیں ہم سب مل کر مستقبل کو مثبت سوچ اور اتحاد کے نظریے سے دیکھیں. پاکستانی ہونے کے ناطے ہم اپنے معاشرے میں تنوع پر فخر کرتے ہیں جو ہمارے قومی دھارے کو مزید مضبوط بناتا ہے اور ہماری مشترکا ثقافت کو تقویت بخشتا ہے

شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ میں پاکستان میں متحرک ہندو برادری کی گرانقدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کا سماجی، اقتصادی اور سیاسی شعبوں میں کردار ہماری قوم کو مضبوط بنا رہا ہے۔  پاکستان میں عقائد کا تنوع ہمارے لوگوں کے درمیان لچک اور اتحاد کا حقیقی ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندو اور دیگر اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کو اپنے ملک کی ترقی کے لیے اپنے مسلمان بہن بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کام کرتے ہوئے دیکھ کر مجھے بے حد خوشی ہوتی ہے۔  بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے ایک ایسے پاکستان کا تصور دیا تھا جہاں تمام برادریوں کو بلا تفریق مذہب، نسل یا ذات کے برابری اور آزادی حاصل ہو۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان میں ہر کمیونٹی کو ان کے عقائد سے قطع نظر مساوی حقوق اور ترقی کے یکساں مواقع دینے کے لیے پرعزم ہے۔ دعا ہے روشنیوں کا یہ تہوار آپ کی زندگیوں میں امن اور خوشحالی لائے اور ہمارے ملک میں تمام مذاہب کے لوگوں کے درمیان اتحاد اور بھائی چارے کے مضبوط رشتوں کو پروان چڑھائے۔



اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں