7

مملکت بحرین میں معروف شاعر اجمل سراج کی یاد میں خصوصی شمارے کی تقریبِ رونمائی


کراچی:

الثقافہ بحرین کے زیر اہتمام “ماہنامہ بحرین” کے خصوصی شمارے کی ایک پُروقار تقریب رونمائی منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات اور نمائندہ خواتین و حضرات نے شرکت کی۔ یہ شمارہ معروف شاعر اجمل سراج کی یاد میں ترتیب دیا گیا تھا، جس کا اجرا بحرین کی ادب نواز شخصیات محترم الطاف عظیم (چیئرمین الثقافہ بحرین) اور معروف شاعر محترم احمد عادل (ٹریژرار الثقافہ بحرین) نے کیا۔

تقریب میں مدیر اعلیٰ ماہنامہ بحرین، خرم عباسی، مدیر ریاض شاہد، اور معاونین ادارتی ٹیم، سعید سعدی، اسد اقبال، اور بحرین کے معروف شاعر اقبال طارق بھی موجود تھے۔

تقریب کی رونق میں پاکستان ایمبیسی بحرین کے فرسٹ سیکریٹری نوید شہزاد اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی طاہرہ سلیم نے خصوصی شرکت کی اور اردو مرکز بحرین  اس ماہنامہ بحرین  کے شمارے اور تقریب کے معیار کو بھرپور سراہا۔

خرم عباسی نے رسالے کی تیاری اور اشاعت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کسی بھی زبان و ادب کے فروغ میں رسائل و جرائد اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ بحرین میں اردو زبان و ادب کی ترقی اور اسے گھر گھر پہنچانے کے لیے ماہنامہ بحرین کا اجرا کیا گیا ہے۔ آج کے جدید دور میں الیکٹرانک کتب اور رسائل کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے، کیونکہ یہ آسانی سے دستیاب اور قابل رسائی ہیں۔

آخر میں، خرم عباسی نے امید ظاہر کی کہ یہ خصوصی شمارہ اجمل سراج کی یاد کو زندہ رکھے گا اور بحرین میں اردو ادب کے شائقین کے لیے ایک نئی تحریک کا آغاز کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ماہنامہ بحرین کا مقصد اردو زبان کی ترویج و ترقی کے اس سفر کو مسلسل جاری رکھنا ہے، اور اردو مرکز بحرین کے ذریعے اس ادب کو نئی نسل تک پہنچانے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔



اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں