پیٹرولیم ڈیلرز نے یومیہ قیمتوں کے نظام کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومتی پالیسی کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
ایکسیرپس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسیشن کے وفد نے ملاقات کی اور قیمتوں میں اصلاحات پر تبادلۂ خیال کیا۔
ایسوسی ایشن کے چیف ایڈوائزر ملک خدا بخش نے آبنائے ہرمز بحران کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی پر حکومت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، پیٹرولیم قلت کے باوجود پاکستان میں ایندھن کی فراہمی مؤثر انداز میں برقرار رہی۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ یومیہ پیٹرولیم قیمتوں کا نیا نظام سات روزہ رولنگ ایوریج پر مبنی ہوگا، ہفتہ وار قیمتوں کا سابقہ نظام بھی 7 روزہ اوسط قیمت پر مبنی تھا جبکہ یومیہ قیمتوں سے شفافیت بڑھے گی، مارکیٹ میں بگاڑ اور ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی ہوگی۔
پی پی ڈی اے کے وفد نے پیٹرولیم ڈیلرز اور او ایم سیز کے مابین ضوابط کی تیاری میں پیٹرولیم ڈیلرز کو شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈیلرز کی آرا کو قواعد و ضوابط کی تیاری میں شامل کیا جائے گا۔
پیٹرولیم ڈیلرز کی جانب سے ڈیلرز مارجن 8 فیصد کرنے کے مطالبہ پر وفاقی وزیر نے غور کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ ڈیلرز کے مارجن اور دیگر امور پر پی پی ڈی اے اور اوگرا کی میٹنگ کل ارینج کروائی ہ۔
وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت پر پی پی ڈی اے کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت شفاف، مسابقتی اور صارف دوست پیٹرولیم مارکیٹ کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔
پی پی ڈی اے کے وفد میں چیف ایڈوائزر ملک خدا بخش، راجہ وسیم کیانی، چوہدری ظفر الٰہی، بابر علی چوہدری اور چوہدری فیصل عارف شامل تھے۔
واضح رہے کہ آج رات سے اوگرا کی جانب سے یومیہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کا سلسلہ شروع ہوجائے گا اور عالمی مارکیٹ کی قیمتوں کو دیکھتے ہوئے نرخ میں ردوبدل کیا جائے گا۔ اوگرا کی جانب سے نئی قیمتیں ویب سائٹ پر جاری کی جائیں گی۔