July 28, 2026
crime1785149078-0-600x450.webp.webp

تھانہ صدر بیرونی پولیس نے مؤثر تفتیش کرتے ہوئے شہری کے اندھے قتل کا معمہ حل کر لیا۔

پولیس تفتیش میں معلوم ہوا کہ مقتول کی اہلیہ اور ساتھی قتل میں ملوث تھے، پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق 5 ماہ قبل مقتول فیصل کی لاش ویرانے سے ملنے پر صدر بیرونی پولیس نے قانونی کارروائی کا آغاز کیا، پوسٹمارٹم و فرانزک رپورٹ کی روشنی میں مقتول کی اہلیہ کو شامل تفتیش کیا گیا۔

پولیس تفتیش میں مقتول کی اہلیہ نے ساتھی کے ساتھ مل کر اپنے شوہر کو زہر دینے، گلا دبا کر قتل کرنے اور لاش ویرانے میں پھینکنے کا انکشاف کیا۔

صدر بیرونی پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد کر لی۔

ایس پی صدر انعم شیر کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔