July 29, 2026
untitled-31785239826-0-600x450.webp.webp

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے امیر ضلع وسطی گلبرگ کامران سراج، ٹاؤن چیئر مین گلبرگ نصرت اللہ کے ہمراہ گلبرگ ٹاؤن میں کراچی کے پہلے ڈاکٹر جلال الدین سیفی مفت فٹنس کلب کا افتتاح کردیا۔

ٹی ایم سی گلبرگ کے تحت  مرکز کھیل و ثقافت، بلاک 10میں قائم مفت فٹنیس کلب میں جدید مشینیں نصب کی گئی ہیں، جبکہ خواتین کے لیے  بھی روزانہ صبح 11 بجے سے شام 5 بجے تک خصوصی اوقات مقرر کیے گئے ہیں تاکہ وہ محفوظ اور باوقار ماحول میں صحت مند سرگرمیوں کا حصہ بن سکیں۔

منعم ظفر خان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  ڈاکٹر جلال الدین سیفی فٹنس کلب کا افتتاح جماعت اسلامی کے عوامی خدمت کے وژن کا تسلسل ہے۔  اللہ کا شکر ہے کہ عوام سے کیے گئے وعدے پایہ تکمیل تک پہنچارہے ہیں اور میسر وسائل سے عوام کے مسائل حل کررہے ہیں۔

3 سال کے عرصے میں گلبرگ ٹاؤن کی نمایاں کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ گلبرگ ٹاؤن میں 42 پارکوں کا افتتاح کیا گیا ہے جبکہ جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز نے 200 سے زائد پارکوں کو بحال کیا ہے۔ وفاقی، صوبائی حکومت اور کے ایم سی نے ہیلتھ سیکٹر کو نظر انداز کیا ہے۔

گلبرگ ٹاؤن نے پرائمری ہیلتھ کئیر یونٹ قائم کیا ہے جس سے ہزاروں لوگ استفادہ کررہے ہیں جبکہ گلبرگ ٹاؤن نے ہی پورے ملک کے پہلے تعلیمی کارڈ کا اجراء کیا ہے۔

ہزاروں کی تعداد میں اسٹریٹ لائٹس لگا کر گلیاں اور سڑکیں روشن کی گئی ہیں۔ بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کے لیے منصوبہ بنایا گیا۔ جماعت اسلامی کراچی کے حقوق پر ڈاکا نہیں ڈالنے دے گی اور ڈاکا ڈالنے والوں کے خلاف مزاحمت کرے گی۔

افتتاحی تقریب سے امیر ضلع گلبرگ کامران سراج، ٹاؤن چیئر مین گلبرگ نصرت اللہ،نائب امیر ضلع و یوسی چیئر مین فاروق نعمت اللہ، ڈائریکٹر باغات ندیم حنیف، قائم مقام یوسی چیئرمین سعید موسیٰ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری و دیگر بھی موجود تھے۔

تقریب میں منتخب عوامی نمائندوں، سماجی شخصیات، نوجوانوں اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔علاقہ مکینوں نے عوامی فلاح، صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کی ایک اہم کاوش قرار دیتے ہوئے جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں کی کوششوں کو سراہا اور اظہار تشکر کیا۔

منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ ماضی میں کھیلوں کے میدانوں اور پارکوں پر قبضہ کیا گیا۔  گزشتہ سال جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز چیئر مینوں کی عدالت سے استدعا پر ہائی کورٹ نے کہا کہ پارکوں اور کھیلوں کے میدانوں  پر کمرشل سرگرمیاں ختم کر کے عوام کے لیے کھولا جائے، کراچی کے لوگوں سے کھیلوں کی تمام سرگرمیاں چھین لی گئی ہیں،ہماری کوششوں سے شہر میں 95فیصد کمرشل سرگرمیاں ختم کروائی گئیں۔

کامران سراج نے کہا کہ  جماعت اسلامی کراچی کو گلبرگ ٹاؤن کی طرح بہتر بنانا چاہتی ہے۔ عوام جانتے ہیں کہ جماعت اسلامی کراچی کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ عوام جماعت اسلامی کومضبوط کریں ہم پورے کراچی کو سنواریں گے اور از سر نو تعمیر کریں گے۔ جماعت اسلامی کے یوسی چیئرمین اور وائس چیئرمین مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔

ٹاؤن چیئرمین نصرت اللہ نے کہا کہ گلبرگ ٹاؤن صرف میونسپل سروسز کی فراہمی تک محدود نہیں بلکہ منفرد عوامی فلاحی منصوبوں کے ذریعے شہریوں کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ یہ مفت فٹنیس کلب صحت مند معاشرے کی تشکیل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔  ہم عوام پر کوئی احسان نہیں کررہے بلکہ اپنا فرض پورا کر رہے ہیں، آج بدحال کراچی میں ہماری ذمہ داری ہے کہ عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ عوام پر ہی خرچ کیا جائے۔

کراچی، صوبہ سندھ اور پورے پاکستان کی معیشت چلارہا ہے لیکن  افسوس کہ شہر کے رہنے والے پانی،بجلی،سڑکیں، تعلیم اور صحت، ٹرانسپورٹ سمیت بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ دنیا چاند تک پہنچ گئی لیکن کراچی کے شہری سڑکوں کی تعمیر اور نلکوں میں پانی آجانے پر خوش ہوتے ہیں۔

پانی کا آخری منصوبہ K-3 نعمت اللہ خان کے دور میں مکمل ہوا اور اسی دور میں K-4منصوبہ شروع ہوا لیکن افسوس کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کو سندھ میں 18 سال گزر گئے شہریوں کے لیے ایک بوند پانی کا اضافہ نہیں ہوا۔