پاکستان شوبز انڈسٹری میں سینئر اداکار سید محمد احمد کے ساتھ مبینہ ناروا رویے کے معاملے پر اداکار فیصل قریشی کا تازہ بیان سوشل میڈیا پر شدید بحث کا موضوع بن گیا ہے۔ متعدد صارفین نے ان کے حالیہ مؤقف کو ان کے ابتدائی ردعمل سے مختلف قرار دیتے ہوئے تنقید کی ہے۔
چند روز قبل سید محمد احمد نے ایک پوڈکاسٹ میں انکشاف کیا تھا کہ ایک جونیئر اداکار نے شوٹنگ کے دوران ان کی تضحیک کی اور ان کا مذاق اڑایا، تاہم انہوں نے پروجیکٹ کا ماحول خراب ہونے سے بچانے کے لیے خاموش رہنے کو ترجیح دی۔ اس انکشاف کے بعد شوبز شخصیات نے سینئر اداکار کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا، جن میں فیصل قریشی بھی شامل تھے۔
اس وقت فیصل قریشی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے سید محمد احمد سے کہا تھا کہ وہ ذمے دار اداکار کا نام سامنے لائیں، پھر معاملہ وہ خود دیکھ لیں گے۔ بعد ازاں اگرچہ سید محمد احمد نے کسی کا نام ظاہر نہیں کیا، لیکن سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ایک ویڈیو کے بعد اداکار فہد شیخ کا نام اس تنازع سے جوڑا جانے لگا۔ ویڈیو میں فہد شیخ کو مبینہ طور پر سید محمد احمد کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرتے دیکھا گیا، جبکہ وہاں موجود بعض دیگر فنکار بھی ہنستے دکھائی دیے، جن میں اداکار فیضان شیخ کا نام بھی زیر بحث آیا۔
بعد ازاں فہد شیخ نے سوشل میڈیا پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سید محمد احمد سے معافی مانگ لی ہے اور اگر ضرورت پڑی تو عوامی سطح پر بھی دوبارہ معذرت کرنے کے لیے تیار ہیں۔ اسی دوران فیصل قریشی نے بھی انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ جو شخص کھلے دل سے معافی مانگ چکا ہو، اسے اس پر سراہا جانا چاہیے اور اب اس معاملے کو مزید طول نہیں دینا چاہیے۔
تاہم فیصل قریشی کا یہ نیا مؤقف سوشل میڈیا صارفین کو زیادہ متاثر نہ کرسکا۔ متعدد افراد نے ان پر دہرا معیار اپنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ابتدا میں انہوں نے سخت کارروائی کی بات کی تھی، لیکن اب جب اس تنازع میں ان کے قریبی دوست کا نام سامنے آیا تو ان کا لہجہ بدل گیا۔
سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے تبصرہ کیا کہ فیصل قریشی نے دوست کا نام سامنے آنے کے بعد یو ٹرن لے لیا، جبکہ کئی افراد نے انہیں یاد دلایا کہ وہ خود ذمے دار شخص کے خلاف کارروائی کا اعلان کر چکے تھے۔ دوسری جانب کچھ صارفین نے یہ مؤقف بھی اختیار کیا کہ اگر فہد شیخ اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے معافی مانگ چکے ہیں تو اس معاملے کو مزید بڑھانے کے بجائے ختم کر دینا چاہیے۔
سوشل میڈیا صارفین کی ناراضی اور منفی تبصروں کے بعد فیصل قریشی نے اپنے انسٹاگرام سے مذکورہ ویڈیو بیان ڈیلیٹ کردیا۔