سپریم کورٹ میں ای فائلنگ فریم ورک کی تیاری کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں مذکورہ نظام کو تمام عدالتوں تک وسعت دینے کی تجویز دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مجوزہ فریم ورک کے ذریعے ملک بھر میں ای فائلنگ کے یکساں معیارات متعارف کرائے جائیں گے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت قومی سطح پر یکساں ای فائلنگ نظام کے قیام کے لیے اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا اور بتایا گیا کہ سپریم کورٹ نے اسٹینڈرڈائزڈ نیشنل ای فائلنگ فریم ورک کی تیاری کے لیے بار کے ساتھ مشاورتی عمل کا آغاز کر دیا ہے اور مجوزہ نظام کا مقصد سپریم کورٹ، ہائی کورٹس اور ضلعی عدالتوں میں ای فائلنگ کے لیے یکساں اور مربوط طریقہ کار وضع کرنا ہے۔
چیف جسٹس نے بطور چیئرمین قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی اجلاس کی صدارت کی، جس میں سپریم کورٹ اور لا اینڈ جسٹس کمیشن کے سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ بار عدالتی فائلنگ نظام کا اہم شراکت دار اور بنیادی صارف ہے، ای فائلنگ فریم ورک کی تیاری کے ابتدائی مرحلے سے ہی بار کی عملی ضروریات اور تجربات کو شامل کیا جا رہا ہے، مجوزہ نیشنل ای فائلنگ سسٹم عدالتی نظام میں مشترکہ، منظم اور قواعد کے مطابق فائلنگ کا طریقہ کار فراہم کرے گا۔
سپریم کورٹ کے موجودہ ای فائلنگ نظام کے تجربے کو عدالتی نظام کی تمام سطح تک وسعت دینے کی تجویز دی گئی اور کہا گیا کہ مجوزہ فریم ورک کے ذریعے ملک بھر میں ای فائلنگ کے یکساں معیارات متعارف کرائے جائیں گے، یکساں ای فائلنگ نظام سے عدالتی طریقہ کار میں ہم آہنگی اور مربوط ڈیجیٹل کیس فائلنگ کو فروغ ملے گا۔
مجوزہ فریم ورک تمام اہم شراکت داروں سے مشاورت اور اتفاقِ رائے کے بعد این جے پی ایم سی کے سامنے پیش کیا جائے گا، ای فائلنگ ٹیمپلیٹس میں ججوں، عدالتی عملے، وکلا اور سائلین کی عملی ضروریات کو مدنظر رکھا جائے گا۔
اس موقع پر نیشنل ای فائلنگ ٹیمپلیٹس کو حتمی شکل دینے کے لیے مشترکہ کمیٹی قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا، کمیٹی میں بار کونسلز، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے رجسٹرارز کے نمائندگان شامل ہوں گے، متعلقہ بار کونسلز اپنے ارکان سے مشاورت کرکے آئندہ اجلاس میں تجاویز پیش کریں گی اور نیشنل ای فائلنگ فریم ورک پر آئندہ مشاورتی اجلاس 20 اگست 2026 کو ہوگا۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ قومی ای فائلنگ فریم ورک کی تیاری میں بار کے ساتھ بامعنی مشاورت مرکزی حیثیت کی حامل ہوگی۔