August 23, 2026
gaza1787515543-0-600x450.webp.webp

اسرائیل نے غزہ میں فضائی کارروائی کے دوران 4 سالہ بچے سمیت دو فلسطینی شہید اور 7 شہری زخمی ہوگئے۔

غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی وزارت صحت نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں اتوار کو دو مختلف علاقوں میں فضائی کارروائی کی اور ایک بچے سمیت دو افراد شہید ہوئے۔

شہریوں نے بتایا کہ غزہ کے وسطی علاقے زاوائیدا میں ایک عمارت کو نشانہ بنایا گیا اور اسرائیل فوج کی جانب سے عمارت کے مالکان کو علاقے سے چلے جانے کے لیے وارننگ جاری کی گئی۔

وزارت صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ اسرائیلی بم باری کے نتیجے میں عمارت سے ملبہ کئی میٹر دور تک پھیل گیا، جس سے 6 افراد زخمی ہوئے اور انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 4 سالہ بچہ محمد عبدالسلام طحہ دم توڑ گئے۔

جائے وقوع کے قریب رہائش پذیر فلسطین کے بے گھر شہری ابو احمد نے بتایا کہ کوئی جنگ بندی نہیں ہے اور اس طرح کی کوئی چیز نظر نہیں آرہی ہے، ہم حل چاہتے ہیں اور امن سے رہنا چاہتے ہیں۔

عہدیداروں بتایا کہ دوسری کارروائی نصیرت مہاجر کیمپ کے قریب کی گئی۔

اسرائیل فوج نے بتایا کہ وہ دونوں کارروائیوں کے حوالے سے رپورٹس کا جائزہ لے رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق حماس اور اسرائیل کے درمیان گزشتہ برس اکتوبر میں طے پانے والی جنگ بندی کے بعد سے اب تک اسرائیلی فوج نے مسلسل کارروائیوں کے ذریعے ایک ہزار 280 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے۔