[ad_1]
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانا پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہم اس امر کی تجدید کرتے ہیں کہ خواتین ہمارے معاشرے کی معمار، ہمارے گھروں کا ستون اور ہمارے مستقبل کو استوار کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وومن امپاورمنٹ کو ترقی دینا حکومت کا عزم ہے، تاہم خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ہمیں طویل سفر طے کرنا ہے، خواتین کو امپورٹ، ایکسپورٹ کے شعبوں سمیت مرکزی دھارے میں لاکر ہی ہم پاکستان کو عظیم ملک بناسکتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں محنت، محنت اور صرف محنت کی ضرورت ہے، ملک میں خواتین کی تعداد 50 فیصد ہے، دیہی علاقوں میں ہماری خواتین اپنے گھر کے مردوں کے شانہ بشانہ زندگی کے ہر شعبے میں کام کرتی دکھائی دیتی ہیں، بالخصوص فصلوں کی بوائی، کٹائی اور مشینری کے استعمال میں بھی وہ مردوں کی طرح کام کر رہی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ خواتین گرم سرد موسموں میں بھی مردوں کی طرح کام کرتی دکھائی دیتی ہیں، بڑے شہروں میں دیکھیں، جہاں خواتین آپ کو ہر شعبے میں مردوں کے ساتھ کام کرتی دکھائی دیتی ہیں، شہروں میں ہماری تعلیم یافتہ خواتین کو مزید آگے آنا ہوگا، تاکہ ہم پاکستان کو عظیم ملک بنانے میں کامیاب ہوسکیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ماؤں کا اولاد کی تربیت میں کردار ہی قوموں کی تعمیر و ترقی کے لیے اہم ہے، ہمارے نبی کریم ﷺ اپنی صاحبزادی حضرت فاطمۃ الزہرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی آمد پر اپنی چادر ان کے استقبال میں بچھا دیتے تھے، حضرت خدیجۃ الکبریٰ خود تاجر تھیں، اسلام خواتین کے حقوق کی ترغیب دیتا ہے، اور ان کے شرعی دائرہ کار میں رہ کر کام کرنے پر پابندی نہیں لگاتا۔
انہوں نے کہا کہ چائلڈ لیبر بہت بڑا مسئلہ تھا، جب میں نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب ذمہ داریاں چھوڑیں تو الحمد اللہ پنجاب کے کسی ایک بھٹے پر ایک بھی بچہ مزدور نہیں تھا، ہم نے 19 ہزار سے زائد بچوں کو اینٹوں کے بھٹوں سے نکال کر اسکولوں تک پہنچایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے مخالفین کی حکومت نے پنجاب میں 1122 کا اچھا منصوبہ لانچ کیا، اس کے بعد ہماری حکومت آئی تو ہم نے اسے اچھا منصوبہ سمجھتے ہوئے پورے صوبے تک پھیلادیا، ہمارے یہاں سیاسی مخالفین کے اچھے منصوبے بند کردیے جاتے ہیں، حالاں کہ یہ رجحان نقصان دہ ہے، اسے ختم ہونا چاہیے۔