[ad_1]
کرکٹ کے میدان میں امپائر کا ایک اہم کام کھلاڑی کو آؤٹ کرنا بھی ہوتا ہے لیکن ایک بلے باز نے امپائر کو ہی میدان سے آؤٹ کر دیا۔
کرکٹ ایک دلچسپ کھیل ہے مگر کبھی کبھار یہ کسی بھی شخص کو شدید زخمی کرنے کا سبب بن جاتا ہے اور کئی کھلاڑی موت کا شکار بھی ہو چکے ہیں۔ ایسا ہی ایک حادثاتی واقعہ آسٹریلیا میں بھی پیش آیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا میں میچ کے دوران بلے باز نے اتنا تیز شاٹ مارا کہ سامنے کھڑا امپائر تمام تر کوشش کے باوجود نہ بچ سکا جس کے بعد اس کو اسپتال لے جانا پڑا۔
رپورٹ کے مطابق پرتھ میں کرکٹ کا ایک مقامی میچ کھیلا جا رہا تھا اور اسٹرائیک اینڈ پر جارح مزاج بلے باز موجود تھا۔ بولر نے بال کرائی اور بیٹر نے اس پر اسٹریٹ ڈرائیو اتنا تیز شاٹ کھیلا کہ وہ سامنے دوسرے اینڈ پر کھڑے امپائر ٹونی ڈی بوبریگا کے چہرے پر جا لگا۔
شاٹ اتنا تیز تھا کہ امپائر کا چہرہ خون سے سرخ ہوگیا اور چہرے کا حلیہ تک بگڑ گیا۔ شدید زخمی ٹونی نوبریگا کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی امپائر کے چہرے کی کوئی ہڈی نہیں ٹوٹی تاہم ان کا آپریشن کیے جانے کا امکان ہے۔
بیٹر کے شاٹ سے شدید زخمی امپائر کی تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور لوگ ان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے نیک خواہشات اور جلد صحتیابی کی دعا کر رہے ہیں۔
[ad_2]