[ad_1]
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ان کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں انہوں نے احتجاج کو فائنل کال ہی قرار دیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور ترجمان کے پی حکومت بیرسٹرسیف نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی جو تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں عمران خان سے ملاقات کرنے کے بعد واپس روانگی کے دوران بیرسٹر گوہر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب کی احتجاج کی کال فائنل ہے، احتجاج کال آف والی بات نہیں ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے حکومت سے مذاکرات جاری رہنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میری بانی پی ٹی ائی سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔
صحافی نے پوچھا کہ مذاکرات کے حوالے سے کچھ بتادیں جس پر انہوں نے کہا کہ جی اس پر آپ کو انشااللہ جلد بتائیں گے، ہاں وہ چل رہے ہیں۔
اس سے قبل، سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں بشریٰ بی بی نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک خان ہمارے پاس نہیں آجائیں گے، ہم اس مارچ کو ختم نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ’ میں اپنی آخری سانس تک کھڑی رہوں گی، آپ لوگوں نے میرا ساتھ دینا ہے، جو نہیں دےگا ، تب بھی میں کھڑی رہوں گی۔
عمران خان کی اہلیہ نے کہا ’مجھے امید نہیں، مجھے یقین ہے کہ پٹھان غیرت مند قوم ہے اور آخری جنگ تک وہ ساتھ نہیں چھوڑتی‘۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی اور دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کیا تھا جس کے لیے پشاور سے پی ٹی آئی کا قافلہ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں ڈی چوک پہنچنے کے لیے پنجاب کی حدود میں داخل ہوچکا ہے۔
[ad_2]