July 18, 2026
odi-world-cup1784353395-0-600x450.webp.webp

آئی سی سی کے نئے ورلڈکپ فارمیٹ کے بعد 2027 ون ڈے ورلڈکپ کوالیفائر کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق 10 ٹیموں پر مشتمل اس ایونٹ کی فاتح ٹیم کو براہِ راست ورلڈکپ کے مرکزی مرحلے میں جگہ ملے گی اور اسے ابتدائی سپر سیریز کھیلنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

ذرائع کے مطابق کوالیفائر 2027 کے آغاز میں متوقع ہے جبکہ اس کے میزبان اور حتمی شیڈول کا اعلان ابھی باقی ہے۔

امکان ہے کہ مقابلے کا فارمیٹ 2023 کوالیفائر جیسا ہی ہوگا جس میں 10 ٹیمیں دو گروپس میں تقسیم ہوں گی اور بعد ازاں سپر سکس مرحلہ کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی کے نئے نظام کے تحت ستمبر 2026 تک ون ڈے رینکنگ میں سرفہرست آٹھ ٹیموں سمیت جنوبی افریقا اور زمبابوے بطور میزبان براہِ راست ورلڈکپ میں جگہ حاصل کریں گے جبکہ کوالیفائر کی فاتح ٹیم بھی مرکزی مرحلے میں شامل ہوگی۔

دوسری، تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو سپر سیریز کھیلنا ہوگی جہاں صرف ایک ٹیم اگلے مرحلے میں پہنچے گی اور باقی دو میچز کے بعد ایونٹ سے باہر ہوجائیں گی۔

کوالیفائر میں دو نچلی رینکنگ کی فل ممبر ٹیموں، لیگ 2 کی چار بہترین ٹیموں اور کوالیفائر پلے آف سے آنے والی چار ٹیموں سمیت مجموعی طور پر 10 ٹیمیں حصہ لیں گی۔