×

تنخواہوں میں 200 فیصد تک اضافہ

تنخواہوں میں 200 فیصد تک اضافہ


ٹیکنالوجی کمپنی میٹا (Meta) نے اپنے اعلیٰ افسران کی بونس رقم دوگنی کر کے تنخواہ 200 فیصد تک بڑھانے کا اعلان کیا ہے، یہ فیصلہ 3,600 ملازمین کی برطرفی کے ایک ہفتے بعد سامنے آیا ہے۔

میٹا کی جانب سے امریکی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (SEC) میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق، کمپنی نے اپنے ایگزیکٹو افسران کے بونس میں اضافہ کی منظوری دے دی ہے۔

نئے بونس سسٹم کے تحت، میٹا کے چیف فنانشل آفیسر سوسن لی، چیف پروڈکٹ آفیسر کرسٹوفر کاکس، چیف آپریٹنگ آفیسر خاویئر اولیوان، اور چیف ٹیکنالوجی آفیسر اینڈریو بوسورتھ کو 200 فیصد تک اضافی رقم ملے گی، جو 2023 میں دیے گئے 75 فیصد بونس سے کہیں زیادہ ہے۔

میٹا نے بونس بڑھانے کی وجہ یہ بتائی ہے کہ کمپنی ایمیزون، مائیکروسافٹ اور ایپل جیسی دیگر بڑی ٹیک کمپنیوں کے ساتھ مقابلہ کرنا چاہتی ہے۔ SEC رپورٹ کے مطابق، میٹا کے 2024 کے بونس دیگر کمپنیوں کے مقابلے میں 15ویں فیصدی حد سے کم تھے، لیکن اب اضافے کے بعد وہ 50 ویں فیصدی حد تک پہنچ جائیں گے۔

بونس میں اضافے کا اعلان اس وقت کیا گیا جب میٹا نے گزشتہ ہفتے 3,600 ملازمین کو برطرف کیا، جو کہ اس کی کل 72,000 ورک فورس کا 5 فیصد بنتے ہیں۔ کمپنی نے کہا تھا کہ برطرفی کا مقصد “کم کارکردگی دکھانے والے ملازمین” کو نکالنا ہے۔

مزید برآں، میٹا نے اپنے ملازمین کے سالانہ اسٹاک آپشنز میں 10 فیصد کمی کا فیصلہ بھی کیا ہے، جس سے کمپنی کے دیگر ملازمین کی مراعات میں مزید کمی ہوگی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ اس بونس پالیسی کا حصہ نہیں ہیں۔ تاہم، وہ 2023 میں 24.4 ملین ڈالر کی دیگر مراعات حاصل کر چکے ہیں، جن میں سیکیورٹی اخراجات اور نجی جہازوں کا استعمال شامل ہے۔


install suchtv android app on google app store



Post Comment