TORONTO:
پرتگال نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سنسنی خیز ناک آؤٹ مرحلے میں کروشیا کو 1-2 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی.
میچ کے پہلے ہاف میں پرتگال نے زیادہ تر وقت گیند پر کنٹرول برقرار رکھا تاہم دوسرے ہاف کے آغاز میں کروشیا نے برتری حاصل کر لی۔ 53 ویں منٹ میں ایوان پیریشیچ نے شاندار شاٹ کے ذریعے اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلائی۔
کروشیا نے چند منٹ بعد دوسرا گول بھی کیا لیکن آف سائیڈ قرار دیے جانے کے باعث اسے مسترد کر دیا گیا۔ دوسری جانب پرتگال کو بھی کرسٹیانو رونالڈو کا ایک گول آف سائیڈ ہونے پر نہ مل سکا۔
میچ کے فیصلہ کن مرحلے میں وی اے آر نے کارنر کک کے دوران ریناٹو ویگا پر ہونے والی فاؤل کی نشاندہی کی جس پر پرتگال کو پنالٹی ملی۔
کرسٹیانو رونالڈو نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے پنالٹی کو گول میں بدل دیا اور ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں اپنے کیریئر کا پہلا گول اسکور کر کے ایک اور سنگ میل عبور کیا۔
اضافی وقت قریب آ رہا تھا کہ 94 ویں منٹ میں متبادل کھلاڑی گونزالو راموس نے رافیل لیاؤ کے شاندار کراس پر ہیڈر کے ذریعے گیند جال میں پہنچا کر پرتگال کو فیصلہ کن برتری دلا دی۔
کروشیا نے انجری ٹائم کے آخری لمحات میں گول کر کے مقابلہ برابر کرنے کی کوشش کی تاہم وی اے آر نے آف سائیڈ کی بنیاد پر گول مسترد کر دیا جس کے بعد پرتگال کی فتح یقینی ہوگئی۔
اس کامیابی کے بعد پرتگال اب لاسٹ 16 میں اسپین کے مدمقابل ہوگا۔ دونوں یورپی طاقتوں کے درمیان یہ بڑا مقابلہ 6 جولائی کو ٹیکساس کے ڈیلس اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔