اہم آسٹریلوی کرکٹر کا ون ڈے سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں بھارت سے شکست کے فوری بعد آسٹریلوی کرکٹر اسٹیون اسمتھ نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تاہم وہ ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کے لیے دستیاب رہیں گے۔
رپورٹ کے مطابق 35 سالہ اسٹیون اسمتھ نے بھارت کے ہاتھوں شکست کے فوری بعد اپنے ساتھیوں کو مطلع کیا تھا کہ انہوں نے اپنا آخری ون ڈے میچ کھیلا ہے جس کا مطلب ہے کہ وہ پیٹ کمنز کی غیر موجودگی میں چیمپئنز ٹرافی میں کپتان کی ذمے داری ادا کرنے کے باوجود 2027 ورلڈ کپ کے لیے آسٹریلوی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
اسٹیون اسمتھ کا کہنا تھا کہ ’یہ سفر بہت اچھا رہا ہے اور میں نے اس کے ہر منٹ کو پسند کیا ہے‘،’بہت سے حیرت انگیز اوقات اور حیرت انگیز یادیں ہیں، ٹیم کے بہت سے شاندار ساتھیوں کے ساتھ 2 ورلڈ کپ جیتنا ایک بڑی خاص بات تھی۔
انہوں نے کہا کہ اب لوگوں کے لیے 2027 ورلڈ کپ کی تیاری شروع کرنے کا ایک بہترین موقع ہے لہذا ایسا لگتا ہے کہ یہ راستہ بنانے کا صحیح وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ ہماری ترجیح ہے اور میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ فائنل، موسم سرما میں ویسٹ انڈیز اور پھر انگلینڈ کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کا منتظر ہوں، مجھے لگتا ہے کہ مجھے اب بھی اس اسٹیج پر بہت کچھ کرنا ہے۔
وہ 2024 کے ٹی 20 ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر ہونے کے بعد فی الحال آسٹریلیا کے ٹی 20 انٹرنیشنل منصوبوں میں شامل نہیں ہیں لیکن انہوں نے کہا ہے کہ وہ ٹی 20 کرکٹ میں 2028 کے اولمپک کھیلوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں اور اگر طلب کیا گیا تو وہ سلیکشن کے لیے دستیاب رہیں گے۔
آسٹریلیا کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں 12 ویں نمبر پر ہونے کے باوجود اسمتھ نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے، صرف 5کھلاڑیوں نے ان کی 12 ون ڈے سنچریز سے زیادہ اسکور کیے ہیں اور ان پانچوں میں سے صرف ڈیوڈ وارنر کی اوسط بہتر ہے۔
اسٹیون اسمتھ 2015 اور 2023 میں ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے، 2015 میں انہوں نے لگاتار 5 اننگز میں 50 سے زیادہ رنز بنائے جن میں بھارت کے خلاف سیمی فائنل میں 105 اور نیوزی لینڈ کے خلاف فائنل میں ناٹ آؤٹ 56 رنز شامل تھے۔
انہیں 2015 میں آئی سی سی مینز ون ڈے ٹیم آف دی ایئر اور 15-2014 اور 21-2020 میں آسٹریلیا کے بہترین ون ڈے پلیئر کے اعزازات سے نوازا گیا تھا، جس سال انہوں نے 3 دن کے فرق سے بھارت کے خلاف ایس سی جی میں لگاتار 62 گیندوں پر ماسٹر کلاس سمیت 3 سنچریاں بنائیں۔
اسمتھ نے 2015 سے 2025 تک 64 ون ڈے میچوں میں آسٹریلیا کی قیادت کی، صرف رکی پونٹنگ، ایلن بارڈر، اسٹیو وا، مارک ٹیلر اور مائیکل کلارک نے زیادہ مواقع پر آسٹریلیا کی قیادت کی ہے، حالانکہ اسمتھ واحد کھلاڑی تھے جنہوں نے ورلڈ کپ میں اپنے ملک کی قیادت نہیں کی تھی، آسٹریلیا کی اگلی ون ڈے سیریز اگست میں جنوبی افریقا کے خلاف شیڈول ہے۔
0 Comment