[ad_1]
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروبار کا مثبت رجحان جاری ہے اور 100 انڈیکس نے تاریخ کی نئی بلندی کو چھو لیا ہے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے ابتدائی گھنٹوں کے دوران 1200 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ کے ایس ای 100 انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 19 ہزار کی سطح عبور کر گیا۔
صبح 10 بج کر35 منت پر بینچ مارک انڈیکس 1,222.33 پوائنٹس یا 1.04 فیصد اضافے کے ساتھ 119,196.35 پر تھا۔
یہ پیش رفت توانائی کے شعبے کے گردشی قرضوں کے حل سے متعلق مثبت خبروں اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے (ایس ایل اے) کی مارکیٹ کی توقعات کی وجہ سے سامنے آئی ہے۔
تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، او ایم سیز، بجلی کی پیداوار اور ریفائنری سمیت اہم شعبوں میں خریداری دیکھی گئی۔ حبکو، ایس این جی پی ایل، ایس ایس جی سی، ایم اے آر آئی، او جی ڈی سی، پی او ایل اور پی پی ایل سمیت انڈیکس ہیوی اسٹاک میں مثبت کاروبار ہوا۔
بدھ کے روز بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس تقریبا 1000 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 117974.02 کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔
بین الاقوامی سطح پر، جمعرات کے روز ایشیائی مارکیٹیں چینی منڈیوں کی کمزوری کے باعث دباؤ میں رہیں اور وال اسٹریٹ میں تیزی کے باوجود زیادہ استحکام حاصل نہ کر سکیں، حالانکہ سرمایہ کاروں کے رجحان کو اس امید نے تقویت دی کہ امریکی فیڈرل ریزرو اس سال کے آخر تک دو بار شرح سود میں کمی کر سکتا ہے۔
بدھ کے روز، فیڈ نے توقعات کے مطابق شرح سود کو بغیر کسی تبدیلی کے برقرار رکھا، لیکن سال کے اختتام تک دو بار شرح سود میں کمی کی پیش گوئی برقرار رکھی۔
پالیسی سازوں نے رواں سال کے لیے مہنگائی کی پیش گوئی میں نظرثانی کی اور معاشی ترقی کے تخمینے میں کمی کی، جس کی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیرف پالیسیوں سے پیدا ہونے والے خطرات کو قرار دیا گیا۔
+ There are no comments
Add yours