
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن )حکومتی وفد سے ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمان’’ متحرک ‘‘ ہو گئے ۔
’’جنگ ‘‘ کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ملکی سیاست میں ایک بار پھر متحرک ہو گئے۔حکومتی وفد سے ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمان نے پاکستان تحریکِ انصاف سے رابطہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے حکومتی وفد سے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی قیادت سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور حکومتی پیشکش سے آگاہ کیا جس کے بعد پی ٹی آئی نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔ پی ٹی آئی کی تمام قیادت زوم پر جاری ہنگامی اجلاس میں شریک ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز حکومتی وفد میں شامل رانا ثناء اللّٰہ، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور طارق فضل چوہدری نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی تھی۔مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو گورنر راج یا ایمرجنسی نافذ کرنے کے بجائے معاملات افہام و تفہیم سے حل کرنے کا مشورہ دیا تھا جس پر حکومت نے انہیں مذاکرات میں کردار ادا کرنے کے لیے کہا تھا۔