9 مئی کا واقعہ آج بھی دل پر داغ کی طرح ہے، عمران خان کو کالر سے پکڑ کر گھسیٹنا نہیں بھول سکتا، علی محمد خان

قومی خبریں
9 مئی کا واقعہ آج بھی دل پر داغ کی طرح ہے، عمران خان کو کالر سے پکڑ کر گھسیٹنا نہیں بھول سکتا، علی محمد خان

پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے سیاسی سفر کے دوران بعض واقعات نے انہیں شدید دکھی کیا، بالخصوص بانی پی ٹی آئی عمران خان، شہریار آفریدی اور سینئر رہنما شوکت یوسفزئی کے ساتھ پیش آنے والے واقعات آج بھی ان کے دل پر بوجھ ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر اپنے بیان میں علی محمد خان نے کہا کہ 9 مئی کو عمران خان کو کالر سے پکڑ کر گھسیٹنے کا واقعہ ان کے ذہن سے کبھی نہیں نکلے گا۔ عمران خان دوبارہ وزیراعظم بن جائیں اور جن لوگوں نے یہ سلوک کیا وہ معافی بھی مانگ لیں، تب بھی ان کے دل پر لگا یہ داغ شاید نہ دھل سکے۔

انہوں نے شہریار آفریدی کی طویل اسیری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جیل سے رہائی کے وقت ان کا کمزور جسم، خالی آنکھیں اور ہاتھ میں قرآن آج بھی انہیں یاد ہے۔ قوم کا وفادار اور بہادر سپوت اس سلوک کا مستحق نہیں تھا۔طویل اسیری کے دوران ان پر مردان کی دہشت گردی عدالت میں ملک سے غداری کا الزام بھی عائد کیا گیا، جس سے انہیں شدید دکھ پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے سیاست میں آنے کا مقصد پاکستان کی سربلندی اور استحکام ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے شوکت یوسفزئی کے معاملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا صرف نقطہ نظر اور طریقہ کار کے اختلاف پر کسی کو غدار کہنا جائز ہے؟ شوکت یوسفزئی نے اپنی زندگی کے 29 سال تحریک انصاف کو دیے ہیں۔جو لوگ اپنے وفاداروں کی بے قدری کرتے ہیں، وہ پھر بے وفاؤں کے ہاتھ میں کھیلتے ہیں۔ اختلاف رائے کے باوجود ایک دوسرے کی عزت و تکریم کا رویہ اپنانا چاہیے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *