July 11, 2026
copy-of-untitled-761783724331-0-600x450.webp.webp

ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تہران نے واشنگٹن سے مذاکرات جاری رکھنے کی کوئی درخواست نہیں کی۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ ایران نے امریکا سے مذاکرات جاری رکھنے کی کوئی درخواست نہیں کی، البتہ قطر کی ثالثی کی کوششوں کے تحت قطری حکام کا دورہ ایران قبول کیا گیا تھا۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے خبردار کیا کہ اگر امریکا گزشتہ ماہ طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کی کسی بھی شق کی خلاف ورزی کرتا ہے تو ایران بھی اسی نوعیت کا متناسب جواب دے گا۔

ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق ترجمان نے کہا کہ امریکا کی جانب سے کسی بھی وعدہ خلافی کا جواب باہمی اور متناسب کارروائی کی صورت میں دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے امریکا سے مذاکرات جاری رکھنے کی درخواست کی ہے جس پر واشنگٹن نے آمادگی ظاہر کی، تاہم انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی اب ختم ہو چکی ہے۔

ایران کے تازہ بیان کے بعد دونوں ممالک کے درمیان حالیہ سفارتی بیانات میں واضح تضاد سامنے آ گیا ہے جبکہ خطے میں کشیدگی کے باوجود ثالثی کی کوششیں بدستور جاری ہیں۔