لاہور کے تاریخی ورثے کی بحالی اور تحفظ کے لیے نئی اتھارٹی قائم کردی گی جس کے پیٹرن انچیف مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کو مقرر کیا گیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور کے ہیریٹیج ایریاز کی بحالی کیلئے جامع پلان طلب کرلیا۔
نوازشریف اور مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں تاریخی ورثے کی بحالی اور اسے محفوظ کرنے کے لیے لاہور اتھارٹی فار ہیریٹیج ریوائیول قائم کردی گئی۔ اجلاس میں متعلقہ افسران پر مشتمل لاہور اتھارٹی فار ہیریٹیج ریوائیول کی ذیلی فنکشنل کمیٹی بھی قائم کردی گئی جب کہ لاہور کے تاریخی مقامات سے تجاوزات ہٹانے پر اتفاق کیا گیا۔
نوازشریف نے تجاوزات کے متاثرین کو کاروبار کے لیے متبادل جگہ دینے اور معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پرانا لاہور بہت خوبصورت ہے ، اس کو اصل حالت میں بحال کیا جانا ضروری ہے، تاریخی ورثے کی کھوئی ہوئی میراث واپس لانا قومی فریضہ سمجھ کر سرانجام دیا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ قدیم لاہور کی بحالی پرکام کررہے ہیں، چند سال میں شہر کی اچھی شکل نظر آئے گی، جگہ جگہ تجاوزات سے شہر کو بگاڑنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ تاریخی عمارت کی بحالی کافی نہیں بلکہ اسے برقرار رکھنا بھی ضروری ہے، عوام میں شہریت کا شعور بیدار کرنا ناگزیر ہے، لاہور کے تاریخی دروازوں کو قدیمی شکل میں بحال کیا جائے گا۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مال روڈ کی دلکشی کے لیے بجلی کے تاروں کی انڈرگراؤنڈ شفٹنگ کا کام تیزی سے جاری ہے جب کہ انڈرگراؤنڈ پارکنگ کیلئےشہر کے 5 مقامات کی نشاندہی کر لی گئی۔
+ There are no comments
Add yours