[ad_1]
روس نے یوکرین پر بین البرّ اعظمی بیلسٹک میزائل سے حملہ کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یوکرین کی فضائیہ نے کہا ہے کہ ماسکو نے یوکرین پر جنگ میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے طاقت ور بیلسٹک ہتھیار کا پہلی بار استعمال کرتے ہوئے بین البرّ اعظمی میزائل سے حملہ کر دیا ہے۔
بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے یوکرین کو امریکی لانگ رینج میزائل استعمال کرنے کی اجازت کے بعد روس اور یوکرین کے درمیان لڑائی میں شدت آ گئی ہے، یوکرین کی جانب سے امریکی میزائلوں کے بعد برطانوی اور فرانسیسی میزائلوں سے بھی حملے کیے گئے ہیں۔
دوسری طرف روس نے بیلسٹک میزائل کے استعمال پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے، کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے ان خبروں پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا کہ روس نے آج صبح یوکرین پر بین البراعظمی بیلسٹک میزائل داغا ہے۔
یوکرینی فضائیہ کے مطابق بیلسٹک میزائل یوکرین کے علاقے دنیپر میں داغے گئے، جہاں 2 شہری زخمی ہوئے، جب کہ کئی کاروباری عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ تاہم یوکرین کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ میزائل کس قسم کا تھا، واضح رہے کہ بین البراعظمی بیلسٹک میزائل (ICBMs) تباہ کن جنگی ہتھیار ہیں جو جوہری وار ہیڈز لے جانے کے لیے بنائے گئے ہیں۔
یوکرین کی فضائیہ کے دعوے کے مطابق روس نے ایک کنزال ہائپرسونک میزائل اور سات Kh-101 کروز میزائل بھی فائر کیے، جن میں سے 6 کو مار گرایا گیا۔
[ad_2]