[ad_1]
اکثر و بیشتر افراد بھنے چنوں کی افادیت سے لا علم ہوتے ہیں، بھنے ہوئے چنوں میں انسانی صحت کے لیے بے شمار فوائد سمیت صحت سے متعلق متعدد شکایات کا قدرتی حل بھی موجود ہے۔
آج کل کی نو جوان نسل کو صحت سے متعلق متعدد شکایات کا سامنا ہے جیسے کہ خون کی کمی، موٹاپا، دماغ اور آنکھوں کا کمزور ہونا، پیٹ کا بڑھ جانا اور ہڈیوں کے کمزور ہونے کے سبب چھوٹی عمر ہی میں فریکچر آ جانا شامل ہے، طبی ماہرین کے مطابق بھنے ہوئے چنوں کو اگر روزانہ کی بنیاد پر کم از کم ایک مٹھی یا اس سے تھوڑی زیادہ مقدار میں شامل کر لیا جائے تو مندرجہ بالا مسئلے ہفتوں میں ختم ہو سکتے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق آنے والے سالوں میں نوجوانوں کا سب سے بڑا مسئلہ موٹاپا ہے، بھنے چنے تیزی سے وز ن کم کرنے کے لیے نہایت مفید ہیں۔ یہ ایک ایسی غذا ہے جس میں کیلوریز کم اور فائبر اور پروٹین کی مقدار بھر پور پائی جاتی ہے، بھنے ہوئے چنوں کا استعمال نا صرف وزن میں کمی کا سبب بنتا ہے بلکہ کمزور کیے بنا انسانی جسم کو صحت مند اور توانا رکھنے میں بھی مدد کرتا ہے۔
ماہرین غذائیت کی جانب سے تجویز کیا جاتا ہے کہ بھنے چنوں کو چھلکوں سمیت کھانا چاہیے، اس طرح استعمال کرنے سے کثیر مقدار میں جسم کو فائبر اور پروٹین حاصل ہوتا ہے، اس کے علاوہ یہ دیر میں ہضم ہونی والی غذا ہے جس کے باعث کافی دیر تک بھوک نہیں لگتی۔ بھنے چنے وزن میں کمی تو کرتے ہیں لیکن اس کے ساتھ ہی یہ جسم میں موجود فالتو چربی کو بھی ختم کرتے ہیں۔
غذائی لحاظ سے بھنے چنوں افادیت
بھنے چنے غذائیت سے مالا مال ہوتے ہیں، اس میں پلانٹ بیسڈ پروٹین ( پودوں سے حاصل کی جانے والی پروٹین)، ڈائٹری فائبر اور کاربوہائڈریٹس بھی بھرپور مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ چنوں میں اینٹی آکسیڈنٹس اور نمکیات وافر مقدار میں ہوتی ہے، اس کے علاوہ اس میں آئرن، زنک، میگنیشیم اور فاسفورس بھی شامل ہوتا ہے، چنو میں میں متعدد وٹامنز بھی بھاری مقدار میں پائے جاتے ہیں جن میں وٹامن سی، وٹامن اے، بی6 اور بی 12 سر فہرست ہیں۔
بھنے چنے خواتین کے لیے بہترین غذا
خواتین اگر بھنے ہوئے چنوں کا استعمال کریں تو جوڑوں سے درد، خون کی کمی، تھکاوٹ، دماغی کمزوری جیسی شکایات سے نجات حاصل کرسکتی ہیں اور ان کی جسمانی قوت میں بھی اضافہ ہوتا۔ ماہرین نسواں کے خواتین کے پوشیدہ امراض سے نجات، وزن میں کمی اور ان کی قوت مدافعت میں اضافے کے لیے بھنے چنے کا استعمال بہترین ہے۔
بچوں کی نشوونما
بھنے ہوئے کالے چنوں کا استعمال نہ صرف بڑوں بلکہ بچوں کے لیے بھی بہت مفید ہے، اپنے بچوں کی جسمانی قوت بڑھانے اور اسے بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے بچوں کو اس میں کشمش اور مصری ملا کر کھلائیں۔
بھنے چنے کولیسٹرول گھٹاتے ہیں
کالے بھنے چنے کولیسٹرول کم کرنے کے لیے بھی بہترین غذا ہے، اس کا باقاعدگی سے استعمال کر کے قدرتی طریقے سے کولیسٹرول کے مسئلے سے با آسانی جان چھڑائی جا سکتی ہے۔
ہڈیوں کے لیے معاون
چنوں میں آئرن، فاسفورس، میگنیشیم، کوپر اور زنک بھی پایا جاتا ہے جو ہڈیوں کی صحت اور ان کی مضبوطی کے لیے بہترین سمجھے جاتے ہیں، چنوں میں موجود نمکیات ہڈیوں کی نمکیات کی ڈینسیٹی کو بہتر بناتی ہے۔
آنکھوں کی صحت
بھنے چنوں کا روزانہ کی بنیاد پر استعمال کرنے سے بینائی بہتر ہوتی ہے، چنے زنک، وٹامن اے، سی، اور ای حاصل کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے جو بینائی کی بہتری کے لیے کافی مددگار وٹامنز مانے جاتے ہیں۔
[ad_2]